7 مارچ 2013 - 20:30

اس اہم ملاقات میں جنرل کیانی نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے غیر موثر استعمال، سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگز کی موجودگی اور چند سیاسی جماعتوں کے دہشتگرد گروپوں سے رابطے پر بات کی۔

ابنا: آرمی چیف نے گذشتہ روز صدر زرداری سے ملاقات میں اپنے خدشات ان کے سامنے رکھ دیئے ہیں، ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں جنرل کیانی نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر موثر استعمال، سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگز کی موجودگی اور چند سیاسی جماعتوں کے دہشت گرد گروپوں سے رابطے پر بات کی۔ ملک میں جاری دہشت گردی پر عوام پریشان، قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام، خاص طور پر کراچی اور کوئٹہ میں صورتحال قابو سے باہر نظر آرہی ہے، کوئٹہ میں سانحہ علمدار روڈ، سانحہ کیرانی اور پھر کراچی میں سانحہ عباس ٹاون، ایک ہی کمیونٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کارروائیاں کی گئیں، صرف یہی نہیں بلکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے بھی عوام کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا ہے، کراچی اور کوئٹہ کو فوج کے حوالے کئے جانے کے عوامی مطالبے سر اٹھا رہے ہیں۔

ایسی صورتحال میں گذشتہ روز صدر زرداری سے آرمی چیف کی ملاقات انتہائی اہمیت اختیار کرچکی تھی، جہاں آرمی چیف نے اپنے خدشات صدر کے سامنے رکھ دیئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت پر سوال؟ سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگز کی موجودگی۔ ذرائع کے مطابق جنرل کیانی نے دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے وفاقی اور صوبائی اداروں کے نامناسب اور غیر موثر استعمال پر بات کی، جنرل کیانی اس سے پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر سے ملاقات میں جنرل کیانی نے سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگز اور چند جماعتوں کے دہشت گرد گروپس سے رابطوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اس موقع پر جنرل کیانی نے کہا کہ اگر حکومت طلب کرے گی تو فوج قانون نافذ کرنے والے سویلین اداروں کی بھرپور سپورٹ کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ کل ہونے والی کور کمانڈزر کانفرنس میں بھی ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال کے معاملات زیر غور آئے اور اس سے پہلے چھ مارچ کو دورہ کراچی میں بھی جنرل کیانی کو شہر میں سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف جنرل کیانی اور صدر زرداری کے درمیان ملاقات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ اس سے پہلے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے صدر زرداری سے ملاقات کی اور انہیں نگراں حکومت سے متعلق ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے تمام سیاسی قائدین سے مشاورت جاری ہے اور جلد نگراں حکومت کا اعلان کر دیا جائیگا۔

.....

/169